بنگلورو،16؍ جولائی (ایس او نیوز) ریاست کے کاویری طاس والے علاقوں ، ملناڈ اور مغربی گھاٹ میں موسلادھار بارش ہورہی ہے جس کے سبب عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے ۔ طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کے سبب کئی درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے ہیں ۔
گزشتہ ایک ہفتہ سے کئی دیہاتیوں کو تاریکی میں راتیں گزارنی پڑرہی ہیں ۔ مہاراشٹرا میں زبردست بارش ہونے کی وجہ سے آلمٹی ڈلیم میں پانی کی سطح حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے ۔ بلگام ضلع میں کرشنا ، دودگنگا، ویدگنگا ، ہیرنیاکیشی ندی زیر آب ہوگئی ہے ۔ ناگنور ۔ سنکیشور برڈج پانی میں ڈوب گیا ہے ۔ جس کے سبب مہاراشٹرا اور کرناٹک کے درمیان بس اور دیگر گاڑیوں کی نقل و حمل روک دی گئی ہے ۔
وزیر برائے بنگلورو شہری ترقیات و نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے آج بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی ) افسروں کی میٹنگ طلب کی اور شہر میں شدید بارش ہونے کے امکانات کے پیش نظر قبل از وقت اقدامات کرنے افسروں کو سخت ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ کے آر ایس اور ہیماوتی ڈیم سے پانی خارج نہ ہونے کیلئے درکار مناسب انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔